اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکرٹری ندیم محبوب نے کہا ہے کہ ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہے‘‘ مشن کو کامیاب بنانے کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ کاری انتہائی ضروری ہے،وزارت تعلیم آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت ہر بچے کیلئے جامع اور مساوی تعلیم کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، پارٹنر تنظیموں کے ساتھ ملکر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں تعلیم کے ہدف کے حصول کی جانب ایک مضبوط اور مثبت قدم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےسلام آباد میں ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس مہم کا بنیادی مقصد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں یونین کونسل اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہر بچے کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری عمارہ نسیم نےمسلم ہینڈز اور اے سی ٹی انٹرنیشنل کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے ۔اجلاس میں مہم میں حصہ لینے والی تمام سول سوسائٹی تنظیموں (سی ایس اوز) اور پارٹنر این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران شرکاء نے فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں گھر گھر سروے، داخلہ مہم اور کمیونٹی موبلائزیشن کی کوششیں شامل تھیں۔ اس موقع پر درپیش اہم چیلنجز اور آپریشنل مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے، آؤٹ ریچ کے عمل کو تیز کرنے اور ڈیٹا رپورٹنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔