اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان میں حکومت کی جانب سے اے آئی پر مبنی معیشت کی تشکیل کے لیے عملی اقدامات تیزی سےجاری ہیں۔وزارت آئی ٹی نے ’’اے آئی سیکھو 2026‘‘ کے عنوان سے قومی سطح پر اپ سکلنگ پروگرام کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گوگل، ٹیلی نار پاکستان اور انووسٹا کے اشتراک سے عملی تربیتی پروگرام شروع کر دیا گیاہے۔پروگرام میں شرکاکو نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور عالمی پلیٹ فارمز سے جوڑ کر معاشی مواقع ملیں گے۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ متعارف کرا کے ڈیجیٹل تبدیلی کا جامع روڈمیپ دیا ہے۔
پاکستان میں مصنوعی ذہانت کو مرکزی ترجیح قرار دے کر پہلی نیشنل اے آئی پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت 10لاکھ نوجوانوں کو اے آئی تربیت دینے کا ہدف حاصل کر رہی ہے، خاص طور پر نان ٹیک افراد کو شامل کیا جا رہا ہے،وزارت آئی ٹی نے اے آئی سیکھو پروگرام کے تحت گوگل کے تعاون سے1 لاکھ سےزیادہ ڈیولپرز کو اپ سکل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے،اے آئی سیکھو کے ذریعے نوجوانوں کو جدید اے آئی ٹولز، سرٹیفیکیشنز اور عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔