وزارتِ صحت کی ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس بی و سی کی روک تھام کے لئے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت

وزارتِ صحت کی ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس بی و سی کی روک تھام کے لئے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وزارتِ صحت نے ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس بی و سی کی روک تھام کے لئے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزارتِ صحت کی جانب سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وفاق کے زیرِ انتظام ہسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزارتِ صحت کے مطابق تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں اور صحت مراکز کو پابند کیا گیا ہے کہ ہر قسم کے طبی و جراحی عمل سے قبل مقررہ سکریننگ پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تمام طبی اور جراحی عمل سے قبل ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی اور ہیپاٹائٹس سی کے ٹیسٹ لازمی قرار دیئے گئے ہیں جبکہ صحت مراکز میں مریضوں کی ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس سکریننگ بھی لازمی ہوگی۔وزارتِ صحت حکام نے کہا کہ مثبت ٹیسٹ آنے کی صورت میں مریضوں کو مکمل کونسلنگ، رہنمائی اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔