نیوٹیک کی چیئرپرسن گل مینا بلال احمد کی سوشل انوویشن اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور ممتاز پینلسٹ شرکت

نیوٹیک کی چیئرپرسن گل مینا بلال احمد کی سوشل انوویشن اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور ممتاز پینلسٹ شرکت

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی چیئرپرسن گل مینا بلال احمد نے سوشل انوویشن اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور ممتاز پینلسٹ شرکت کی۔ سمٹ سے اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان میں خواتین کی قیادت میں قائم سماجی کاروباری نظام (سوشل انٹرپرائز ایکو سسٹم) کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ہنر مندی، تربیت اور مالی معاونت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگرامز کے ذریعے خواتین کو نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں بلکہ وہ خود بھی کامیاب کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔ گل مینا بلال احمد نے کہا کہ نیوٹیک ملک بھر میں ہنر مندی کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے جن کا مقصد نوجوانوں بالخصوص خواتین کو باوقار روزگار کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے عالمی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز تجربات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سمٹ میں مختلف ممالک کے پالیسی سازوں، ماہرین اور سماجی کاروباری رہنمائوں نے شرکت کی اور خواتین کی معاشی شمولیت، جدت اور پائیدار ترقی کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔