اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے خواتین کے لئے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ’’خواتین کیلئے ہنر سے معاشی خودمختاری کا سفر‘‘ پروگرام کے تحت ہاؤس ہولڈ میڈ کی مفت تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ پروگرام کے تحت خواتین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق گھریلو امور، صفائی ستھرائی، دیکھ بھال اور دیگر متعلقہ مہارتوں کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ خلیجی ممالک سمیت بیرونِ ملک باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
نیوٹیک کے مطابق تربیت مکمل طور پر مفت ہوگی جبکہ اس پروگرام کی نگرانی ماہرین اور پروفیشنلز کی زیرِ نگرانی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں عالمی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ نیوٹیک کے مطابق 25 سے 45 سال عمر کی خواتین اس پروگرام کے لئے درخواست دینے کی اہل ہوں گی جبکہ تربیت کا دورانیہ 45 دن رکھا گیا ہے۔خواہشمند خواتین آن لائن درخواستیں نیوٹیک کے پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتی ہیں جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔