اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر نمائندگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور انہیں پالیسی سازی اور جمہوری عمل میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین ابرار الحق اور صدر عبیدالرحمن قریشی کو ECOSOC یوتھ فورم 2026 کے موقع پر ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں اراکینِ قومی اسمبلی خصوصاً ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے اراکین کی شرکت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت سے نہ صرف جمہوری عمل مضبوط ہوگا بلکہ ملک کی ترقی اور پالیسی سازی میں نئے اور مثبت رجحانات بھی سامنے آئیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ ایونٹ 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا اور جامع طرزِ حکمرانی کے تحت کلائمیٹ، واٹر اور پیس نیکسس جیسے اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، امن کے قیام اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ جیسے اہم امور پر مؤثر مکالمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں اور خواتین کی پالیسی سازی میں شمولیت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جو ایک مضبوط، متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے روشن مستقبل کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ایونٹ کے منتظمین اور شرکاء کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شمولیت اور ان کے مثبت کردار کو مزید اجاگر کرے گا۔