نمل یونیورسٹی میں بابائے قوم محمد علی جناح کے 150 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار

نمل یونیورسٹی میں بابائے قوم محمد علی جناح کے 150 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں بابائے قوم محمد علی جناح کے 150 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت ریکٹر میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے کی۔ مقررین نے قائداعظم کی زندگی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت اور قیام پاکستان کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائداعظم کی عظیم جدوجہد، اصولوں اور قومی خدمات سے روشناس کرانے کے لیے اس نوعیت کی تقریبات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اتحاد، ایمان اور تنظیم کے عملی مظہر تھے جن پر عمل کر کے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین قائداعظم فائونڈیشن ڈاکٹر آصف ریاض نے سیمینار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی زندگی اور جدوجہد نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بابائے قوم کے افکار اور نظریات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر انجمن فیض الاسلام پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی تعلیمات قومی اتحاد، جمہوری اقدار اور آئینی بالادستی کا پیغام دیتی ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔