اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)نے قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی قومی تقریبات کے سلسلے میں ’’جناح دی گریٹ سیریز‘‘ کا آغاز کر دیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس سلسلے کی افتتاحی تقریب نمل محفل فورم کے زیراہتمام اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی جس کا مقصد نوجوان نسل کو بانی پاکستان کے وژن، قیادت اور دیرپا اصولوں سے روشناس کرانا ہے۔
تقریب میں ممتاز مؤرخ اور قائداعظم کے سوانح نگار ریاض احمد جبکہ پاکستانی نژاد امریکی سماجی کارکن اور قائداعظم فاؤنڈیشن یو ایس اے کے بانی ڈاکٹر آصف ریاض قادری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اپنے کلیدی خطاب میں ریاض احمد نے قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں قائداعظم محمد علی جناح کے فیصلہ کن کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے قومی اتحاد، آئین پسندی اور جمہوری اقدار کے حوالے سے قائداعظم کے اصولوں کی موجودہ دور میں اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور ورثے کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی مشیت سے وجود میں آیا اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف ریاض قادری نے کہا کہ قائداعظم محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک نظریہ، کردار اور عزم کی علامت تھے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم ان نایاب رہنماؤں میں سے تھے جنہوں نے ایک پوری قوم کی تقدیر بدل دی۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو نہ صرف ایک آزاد وطن دیا بلکہ ایک الگ شناخت بھی عطا ء کی۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کردار کے بغیر تعلیم نامکمل ہے اور پاکستان کی اصل طاقت اس کے نوجوان ہیں۔اپنے اختتامی کلمات میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے کہا کہ ’’جناح دی گریٹ سیریز‘‘ ایک طویل المدتی فکری اور علمی سلسلہ ہے جس کا مقصد علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں قائداعظم کے افکار اور اصولوں سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اس اقدام کو قائداعظم محمد علی جناح کے فکر و فلسفے کے فروغ کے لئے نمل کی ایک اہم علمی کاوش قرار دیا۔