نسٹ یونیورسٹی میں تقریب،قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو ہائی اچیورز ایوارڈز سے نوازا گیا

نسٹ یونیورسٹی میں تقریب،قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو ہائی اچیورز ایوارڈز سے نوازا گیا

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 554 طلباء کو ہائی اچیورز ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں 386 طلباء ایسے تھے جنہوں نے بین الاقوامی مقابلوں اور سرگرمیوں میں کامیابیاں سمیٹیں جبکہ 168 طلباء نے قومی سطح پر جامعہ کا نام روشن کیا۔

جامعہ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں برس ایوارڈز کے لئے مجموعی طور پر 620 نامزدگیاں موصول ہوئیں تاہم سخت جانچ پڑتال اور نئے وضع کئے گئے معیار پر پورا اترنے والے 554 طلباءکو اایوارڈز کے لئے منتخب کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق اس مرتبہ ایوارڈز کے لئے اہلیت کا معیار مزید سخت کیا گیا تھا اس کے باوجود بڑی تعداد میں طلباءکی کامیابی نے غیرمعمولی مسابقتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

ہائی اچیورز ایوارڈز تقریب کے مہمانِ خصوصی نسٹ کے پرو ریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عثمان حسن تھے جنہوں نے کامیاب طلباءکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلباءکی کردار سازی، قیادت اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ صرف تعلیمی کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ایسے نوجوان تیار کرنا چاہتا ہے جو مختلف شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔

ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں نسٹ کے مرکزی کیمپس کے علاوہ آف ایروناٹیکل انجینئرنگ، ملٹری کالج آف انجینئرنگ، کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینکل انجینئرنگ اور ملٹری کالج آف سگنلز کے طلبہ بھی شامل تھے جبکہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج اور نسٹ بلوچستان کیمپیس کے طلباءکے لئے علیحدہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔تقریب کا انعقاد نسٹ کے جناح آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں طلباء، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔