نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو،خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو،خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے ٹیلیفونک گفتگو کی اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل علاقائی مشاورتی فورم سے متعلق امور پر بات چیت کی اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے متعلق جاری سرگرمیوں اور وسیع تر کثیرالجہتی سفارتی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا ۔

وزیرِ خارجہ بدر عبد العاطی نے امریکہ کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار 20 ایرانی اور 11 پاکستانی ملاحوں کی وطن واپسی میں پاکستان کی کامیاب انسانی ہمدردی پر مبنی سہولت کاری کو بھی سراہا۔دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو دوطرفہ مشاورت کے لیے جلد مصر کے دورے کی دعوت دی۔