نائب وزیرِاعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت طبی، دندان سازی اور متبادل طب کے تعلیمی اداروں کی منظوری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

نائب وزیرِاعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت طبی، دندان سازی اور متبادل طب کے تعلیمی اداروں کی منظوری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کے روز طبی، دندان سازی اور متبادل طب کے تعلیمی اداروں کی منظوری سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔کمیٹی نے متعلقہ قوانین کے تحت میڈیکل، ڈینٹسٹری اور متبادل طب کے تعلیمی اداروں کی منظوری سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا اور ان پر غور کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم/وزیرِخارجہ نے معیار کی یقین دہانی اور بین الاقوامی معیارات پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے مزید اس بات کا اعادہ کیا کہ بیرونِ ملک طبی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کو مستقبل میں کسی بھی قسم کی دشواری سے بچنے کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے مقرر کردہ پیشگی رجسٹریشن کے عمل کی پابندی کرنا ہوگی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت ، وفاقی وزیر قانون و انصاف، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعلیم اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔