نائب وزیراعظم 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کے لیے بیجنگ سے روانہ ہوں گے

نائب وزیراعظم 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کے لیے بیجنگ سے روانہ ہوں گے

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بیجنگ سے نیویارک کے دورے کے لئے روانہ ہوں گے۔ نائب وزیراعظم 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کے لیے بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نیویارک میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 26 مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے میں شرکت کریں گے جس کا عنوان ’’بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ: اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری اور اقوام متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانا‘‘ ہے۔

یہ مباحثہ مئی 2026ء کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی گردشی صدارت رکھنے والے چین کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے۔پاکستان چین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور موجودہ پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔28 مئی کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ’’گروپ آف فرینڈز آن گلوبل گورننس‘‘ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جو ’’عالمی نظم و نسق میں اصلاحات اور بہتری: عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا۔دورے کے موقع پر وہ اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ کے علاوہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان کثیرالجہتی نظام کا ایک مضبوط اور ثابت قدم حامی ہے اور عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔