نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو

نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی ہے،دونوں رہنماؤں نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اسلام آباد مذاکرات اور امریکہ-ایران کے براہِ راست مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ وانگ یی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں پر نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کے لئے عوامی جمہوریہ چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن کی بحالی کے لئے مکالمے اور سفارتکاری کو ترجیحی ذرائع کے طور پر آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مکالمہ اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہیں دونوں رہنماؤں نے پاکستان-چین پانچ نکاتی امن اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد مسائل کے پرامن حل کو ممکن بنانا ہے۔دونوں فریقین نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔