نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر کی تہران روانگی سے قبل ملاقات

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر کی تہران روانگی سے قبل ملاقات

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران روانگی سے قبل یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، روابط، عوام سے عوام کے تبادلے اور علاقائی تعاون میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کےلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قریبی رابطہ کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے علاقائی امن، مذاکرات اور استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی اجاگر کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں گراں قدر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ان کی نئی ذمہ داری میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔