اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی سیکرٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر گفتگو کی ، خطے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے متعلقہ فریقین کے درمیان پرامن روابط کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہی مسائل کے حل کا ترجیحی راستہ ہے۔ گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی تجارت پر وسیع تر اثرات بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنمائوں نے مسلسل رابطے اور قریبی مشاورت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔