میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اورضلعی انتظامیہ کا ایئرپورٹ روڈ پر غیر قانونی بکرا پیڑی کے خلاف کارروائی

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اورضلعی انتظامیہ کا ایئرپورٹ روڈ پر غیر قانونی بکرا پیڑی کے خلاف کارروائی

کوئٹہ۔ 20 مئی (اے پی پی):ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ زاہد خان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کے خصوصی ہدایات پر ایئرپورٹ روڈ پر قائم غیر قانونی بکرا پیڑی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، کارروائی اسسٹنٹ کمشنر صدر یوسف ہاشمی، اینٹی انکروچمنٹ زون انچارج علی رضا درانی کے زیر نگرانی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی پیڑی، عارضی ڈھانچے اور تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے علاقے کو کلیئر کیا گیا۔انتظامیہ واضح کرتی ہے کہ ایئرپورٹ روڈ شہر کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں غیر قانونی بکرا پھیری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شدید مشکلات، بدانتظامی اور صفائی کے مسائل کا سامنا تھا۔ عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری ایکشن لیا گیا تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات، سڑکوں پر قائم غیر مجاز کاروبار اور عوامی راستوں کی بندش کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور سرکاری املاک، سڑکوں اور عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضوں سے گریز کریں۔