حیدرآباد۔ 25 مئی (اے پی پی):میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شکایات کے فوری ازالے اور صفائی کے مؤثر نظام سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ظہور احمد لکھن، چیف ایگزیکٹو آفیسر حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن طفیل احمد ابڑو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشنز سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ علی اکبر شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز ذوالفقار حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور جنرل منیجر پاک اٹلس فہیم احمد اعوان بھی شریک تھے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور پاک اٹلس کی جانب سے ضلع حیدرآباد کے تینوں آپریشن زونز قاسم آباد، حیدرآباد سٹی اور لطیف آباد میں مجموعی طور پر 9 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈمپرز اور ایکسکیویٹرز موجود ہوں گے۔ عید آپریشن کے لیے 32 ڈمپرز اور 10 ایکسکیویٹرز مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسلز سے آلائشیں معمول کے منی ٹپرز کے ذریعے جمع کی جائیں گی جبکہ اضافی طور پر 144 ٹریکٹر ٹرالیاں بمعہ ڈرائیورز ہائر کی گئی ہیں تاکہ آپریشن کو مؤثر بنایا جا سکے۔ جمع کی گئی آلائشوں کو کلیکشن پوائنٹس سے منتقل کرکے ملاکاتیار لینڈ فل سائٹ پہنچایا جائے گا، جہاں جانوروں کے فضلے کو محفوظ انداز میں دفنانے کے لیے خصوصی خندقیں تیار کی گئی ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی اور آلائشیں اٹھانے کے عمل کے لیے تینوں زونز میں مجموعی طور پر 1470 ورکرز خدمات انجام دیں گے جبکہ نگرانی کے لیے 150 سے 200 سپروائزرز تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تقریباً 300 ڈرائیورز اور ٹیکنیکل اسٹاف سمیت مجموعی طور پر 2100 افراد پر مشتمل عملہ عید کے چاروں دن ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔