اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):واپڈا نے مہمند ڈیم پراجیکٹ ایریا میں مقامی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اعتماد سازی اقدامات کے تحت ایک ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے 18 ترقیاتی سکیمیں مکمل کر لیں،مجموعی طور پر 54 ترقیاتی سکیموں کے لیے 4 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن پر مرحلہ وار عملدرآمد جاری ہے، مکمل ہونے والی سکیموں کا تعلق انفراسٹرکچر، پینے کے پانی، صحت، تعلیم، کھیلوں اور بجلی سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔یہ بات منگل کو جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ فصیح اللہ پراچہ نےمہمند ڈیم کے تحت اعتماد سازی اقدامات سے متعلق ترقیاتی سکیموں کےجائزہ اجلاس میں بتائی۔
اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری (منصوبہ بندی و ترقی) حکومت خیبرپختونخوا لیفٹینٹ (ر) اسلام زیب نے کی جبکہ قبائلی ضلع مہمند سے ایم این اے ساجد خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ واپڈا مہمند ڈیم پراجیکٹ کے مین ورکس کی تعمیرکے ساتھ ساتھ پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے متعدد سکیموں پر بھی عملدرآمد کر رہا ہے ۔یہ ترقیاتی سکیمیں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سےتجویز کی گئی ہیں۔
مذکورہ سکیمیں واپڈا کی سماجی ذمہ داری کے تحت اعتماد سازی اقدامات (Confidence Building Measures) کے طور پر عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں 54 ترقیاتی سکیموں کے لئے 4 ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اب تک پراجیکٹ ایریا میں پہلے مرحلے میں 18 سکیموں کی تکمیل پر 1 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ ان سکیموں کا تعلق انفراسٹرکچر کی ترقی ، پینے کے پانی ، صحت ، تعلیم، کھیلوں اور بجلی سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔دیگر اہم سکیموں جن میں ابازئی-یوسف بابا روڈ اور سپارے ملاگوری کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی شامل ہیں، پر کام جاری ہے جبکہ 5سکولوں کی تعمیر پر بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا جن میں 3ضلع مہمند ، 1ضلع باجوڑ اور 1ضلع مالاکنڈ میں تعمیر کیا جائے گا۔
ان سکولوں میں گورنمنٹ پرائمری سکول شہید بانڈہ، تحصیل پنڈیالی، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول شہید بانڈہ تحصیل پنڈیالی، گورنمنٹ پرائمری سکول دریاب کور تحصیل پنڈیالی، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جوہر باجوڑ اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول غوند ملاکنڈ شامل ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا دریائے سوات پر مہمند ڈیم پراجیکٹ تعمیر کر رہا ہے جس میں 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے، 800 میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پشاور شہر کو پینے کے لئے یومیہ 300 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کی صلاحیت ہو گی ۔