مہمند پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

مہمند پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

پشاور۔ 18 مئی (اے پی پی):مہمند کے تھانہ پڑانگ غار پولیس نے پیر کو امن و امان برقرار رکھنے اور مہمند ڈیم کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔تر جمان مہمند پولیس کے مطابق ڈی پی او مہمند رضا محمد کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل پڑانگ غار فرہاد علی کی زیر نگرانی ایس ایچ او منصف خان کی قیادت میں اے ایس آئی صدام خان، لیڈی سرچر، ایلیٹ فورس اور دیگر پولیس نفری نے موجودہ حالات کے پیش نظر زیر تعمیر مہمند ڈیم کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تھانہ پڑانگ غار کے حدودِ علاقہ ترکئی اور نوے کلے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران رہائشی مکانات، خالی کھنڈرات، ندی نالوں اور دیگر مشکوک مقامات کی جامع تلاشی اور چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ اسی دوران مختلف ناکہ بندیوں پر 15 گاڑیوں، 17 دیگر مشتبہ وہیکلز، 23 موٹر سائیکلوں اور تقریباً 30 مشکوک افراد کی چیکنگ کرتے ہوئے ان کے شناختی کوائف کی موقع پر تصدیق اور جانچ پڑتال بھی کی گئی۔پولیس حکام کے مطابق سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ علاقہ میں پائیدار امن کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔