خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ میں قائم پاکستان حج میڈیکل مشن کے مرکزی کلینک کے دورے کے دوران لیبارٹری میں فراہم کی جانے والی تشخیصی سہولیات اور ٹیسٹوں کے معیار کو خود پرکھنے کے لیے اپنے خون کا نمونہ دے دیا۔میڈیکل مشن کے مینوئل اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق وفاقی وزیر کی میڈیکل ٹیسٹ رپورٹ مقررہ وقت پر تیار کر کے انہیں ارسال کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو نے بھی مرکزی کلینک کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر خود آگے بڑھ کر خون کا نمونہ دیا تھا تاکہ لیبارٹری میں ہونے والے 28 اقسام کے جدید تشخیصی ٹیسٹوں کی کارکردگی اور شفافیت کا عملی جائزہ لیا جا سکے۔حج حکام اور عازمین حج کی جانب سے اعلیٰ ترین قیادت کے اس عمل کو شدید سراہا گیا جس کا مقصد عازمینِ حج کو یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ مشن میں فراہم کردہ تمام طبی سہولیات اور ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ہیں۔