مویشی منڈیوں کے لئے ٹریفک انتظامات مکمل، 200 سے زائد وارڈنز تعینات،سی ٹی او لاہور

مویشی منڈیوں کے لئے ٹریفک انتظامات مکمل، 200 سے زائد وارڈنز تعینات،سی ٹی او لاہور

لاہور۔18مئی (اے پی پی):شہر میں عیدالاضحی کے موقع پر سجنے والی 6 مویشی منڈیوں کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں اور بیوپاریوں کی سہولت کیلئے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ منڈیوں تک رسائی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔انہوں نے اپنے جاری بیان میں بتایا کہ زونل افسران سٹی اور صدر تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے، جبکہ 6 ڈی ایس پیز، 18 سیکٹر انچارجز اور 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز مختلف مویشی منڈیوں میں تعینات ہوں گے۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے 6 فوک لفٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ مین شاہراہوں پر کسی بھی جانور یا گاڑی کو کھڑا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔سی ٹی او لاہور نے تمام زونل اور ڈویژنل افسران کو مویشی منڈیوں کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام منڈیوں میں انٹری و ایگزٹ پوائنٹس، پارکنگ ایریاز اور معلوماتی بورڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اس حوالے سے سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ٹریفک پلان کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے۔