موٹروے پولیس نے ایم-2 پر دودھ سپلائی گاڑیوں میں خطرناک انداز میں سفر کرنے والے مسافروں کو بچا لیا

موٹروے پولیس نے ایم-2 پر دودھ سپلائی گاڑیوں میں خطرناک انداز میں سفر کرنے والے مسافروں کو بچا لیا

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے موٹروے ایم-2 پر مین ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب خصوصی چیکنگ مہم کے دوران چار دودھ سپلائی گاڑیوں میں خطرناک طریقے سے سفر کرنے والے 12 مسافروں کو ریسکیو کر لیا۔موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ملک بھر میں اوور لوڈنگ، غیر محفوظ مسافر برداری اور زائد کرایہ وصولی کے خلاف جاری مہم کا حصہ تھی۔

چیکنگ کے دوران اہلکاروں کو پتہ چلا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود مسافر انتہائی غیر محفوظ انداز میں دودھ سپلائی کی گاڑیوں کے اندر سفر کر رہے تھے جس سے بڑے حادثے کا شدید خطرہ تھا۔ترجمان نے بتایا کہ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی سے ممکنہ سانحہ ٹل گیا اور مسافروں کی جانیں محفوظ بنائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی موٹرویز اور شاہرات پر مسافر اور سامان بردار گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے اور اوور لوڈنگ یا خطرناک طریقے سے مسافروں کو لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایسی گاڑیوں کو نہ صرف سفر جاری رکھنے سے روکا جا رہا ہے بلکہ موقع پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے واقعات کی اطلاع موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر دیں۔ انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری نے اس کارروائی میں شامل ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔