اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عوام اور ملازمین کو درپیش مسائل کے بروقت حل اور براہِ راست رابطے کے فروغ کے لئے باقاعدگی سے ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کرتی ہے۔اسی سلسلے میں موٹروے پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) اصغر علی نے ایف ایم 95 ریڈیو اسٹیشن اور این ایچ ایم پی کے سرکاری فیس بک پیج کے ذریعے براہِ راست نشر ہونے والی آن لائن کھلی کچہری میں شرکت کی۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق کھلی کچہری کے دوران ڈی آئی جی نے شہریوں اور ملازمین کی جانب سے براہِ راست کالز کے ذریعے پیش کی جانے والی شکایات، مسائل اور تجاویز کو سنا اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ عوام کی جانب سے دی گئی تعمیری آراء کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کی بہتری میں عوامی رائے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ڈی آئی جی اصغر علی نے بتایا کہ موٹروے پولیس مؤثر حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ چوبیس گھنٹے حادثات کی روک تھام، قانون کے نفاذ اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں کی حفاظت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور محتاط انداز میں گاڑی چلائیں۔ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ پبلک سروس گاڑیوں کے لیے صرف اہل اور تجربہ کار ڈرائیورز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طویل سفر کے دوران تھکن کے باعث غنودگی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لئےلمبے روٹس پر دو ڈرائیورز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ایندھن کی بچت اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے کفایت شعاری اقدامات کے تحت قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر رفتار کی حد کم کر دی گئی ہے۔ نظرِ ثانی شدہ رفتار کی حدود پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ٹول پلازوں، موبائل ایجوکیشن یونٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے اوور سپیڈنگ سے گریز کرنے اور مقررہ رفتار کی حدود کی پابندی پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی صرف اہل افراد کو لائسنس جاری کرتی ہے، لہٰذا شہری لائسنس کے حصول سے قبل ڈرائیونگ اچھی طرح سیکھیں۔ آخر میں ڈی آئی جی اصغر علی نے آن لائن کھلی کچہری کو عوام سے براہِ راست رابطے، شکایات کے فوری ازالے، شفافیت کے فروغ اور اعلیٰ حکام تک رسائی بہتر بنانے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔