پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر صوبے میں کلائمیٹ ریزیلینس (موسمیاتی لچک)کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیاتی تبدیلی خیبرپختونخوا کے مطابق اسی سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کلائمیٹ ریزیلینس کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو نہ صرف پالیسی سازی بلکہ مختلف محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور جاری منصوبوں کی نگرانی کے ذریعے ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
یہ کمیٹی ایڈیشنل چیف سیکرٹری (پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ) کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جبکہ اس میں سیکرٹری ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری اریگیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، اور سیکرٹری ریلیف، بحالی و آبادکاری بطور ارکان شامل ہیں۔ مزید برآں، ڈائریکٹر جنرل محکمہ جنگلات، محکمہ موسمیات کے نمائندگان، ماہرینِ ماحولیات و کلائمیٹ چینج اور ترقیاتی شراکت دار اداروں کے نمائندگان بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں تاکہ ہمہ جہت اور مؤثر حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کی پالیسی کا محور “قدرت کے ساتھ ہم آہنگ ترقی” ہے جس کے تحت شجرکاری مہمات، واٹر شیڈ مینجمنٹ، جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی جیسے اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ جدید سائنسی تحقیق کو مقامی دانش کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے ایسے ماڈلز تشکیل دیے جا رہے ہیں جو نہ صرف ماحول دوست ہوں بلکہ طویل المدتی بنیاد پر معاشی استحکام کو بھی یقینی بنائیں۔اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی مہمات اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے عملی طریقوں سے روشناس کروایا جا رہا ہے تاکہ معاشرے کا ہر فرد اس اجتماعی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ حکام کے مطابق یہی عوامی شمولیت اس وژن کی تکمیل کی اصل روح ہے۔