اقوام متحدہ ۔14مئی (اے پی پی):پاکستان نے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنازعات اور کشیدگی کے ماحول میں بدھ مت کے امن، محبت اور ہم آہنگی کے پیغام کو عالمی امن کے فروغ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے عالمی یوم ویساک 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جب دنیا جنگ و تنازعات کا شکار ہے اور انسان روحانی بے چینی کا سامنا کر رہا ہے، بدھ مت کی تعلیمات کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔تقریب کا انعقاد سری لنکا اور تھائی لینڈ کے مستقل مشنز نے مشترکہ طور پر کیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ بدھ مت پاکستان کے مشترکہ ثقافتی ورثے کا حصہ ہے اور گندھارا تہذیب نے اس مذہب کی تعلیمات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹیکسلا، سوات اور تخت بھائی جیسے تاریخی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے بدھ راہب اور سیاح ان مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی مکالمے اور عالمی امن کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔