اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ بہترین حکمتِ عملی، موثر سفارتکاری اور قیادت کی ہم آہنگ کوششوں کے باعث پاکستان کا عالمی وقار نمایاں طور پر بلند ہوا ہے اور ملک ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی منظرنامے پر ابھر رہا ہے۔ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عالمی اور علاقائی حالات میں متوازن اور فعال خارجہ پالیسی اختیار کی، جس کے نتیجے میں نہ صرف عالمی برادری میں اعتماد بڑھا بلکہ ملک کی ساکھ بھی مضبوط ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی مشترکہ حکمت عملی نے پاکستان کو ایک موثر سفارتی قوت کے طور پر منوایا ہے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان نے عالمی تنازعات میں مصالحتی کردار ادا کر کے دنیا بھر میں مثبت تاثر قائم کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اسے خطے میں ایک اہم پل کا کردار دیا ہے، جو عالمی امن کے قیام میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کے استحکام نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ عالمی سطح پر یہ تاثر ابھرا ہے کہ پاکستان محض ردعمل دینے والا ملک نہیں بلکہ پیشگی حکمت عملی اپنانے والا فعال ریاستی کردار بن چکا ہے ۔
سابق صدر سارک چیمبر نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے باعث عالمی برادری میں اس کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے، اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ حکومتی اور عسکری قیادت کی مربوط پالیسیوں کے باعث ملک نہ صرف امن کے فروغ میں کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور بااعتماد شراکت دار کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر یہی پالیسی تسلسل کے ساتھ جاری رہی تو پاکستان مستقبل میں عالمی معیشت اور سفارتکاری میں مزید مضبوط مقام حاصل کرے گا، جبکہ سرمایہ کاری، تجارت اور علاقائی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔