ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم جاری ، پہلے روز 56 لاکھ 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر

ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم جاری ، پہلے روز 56 لاکھ 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کا دوسرا روز جاری ہے۔ مہم کے پہلے روز اب تک 56 لاکھ 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔این ای او سی کے مطابق 18 تا 24 مئی جاری رہنے والی اس خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران تقریباً 1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے کے مشن میں حصہ لے رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 17 لاکھ 8 ہزار سے زائد، سندھ میں تقریباً 18 لاکھ 95 ہزار، خیبر پختونخوا میں 14 لاکھ 19 ہزار سے زائد، بلوچستان میں 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد جبکہ اسلام آباد میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔این ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے اس سے مؤثر تحفظ ممکن ہے۔حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور پانچ سال تک کے ہر بچے کو اس اور آئندہ آنے والی تمام پولیو مہمات کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔پولیو ٹیم سے رابطے یا معلومات کے لیے 1166 پر کال کی جا سکتی ہے یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔