اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):ملک بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم 13 سے 19 اپریل تک جاری رہے گی،مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے، مہم کے دوران وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔ رواں سال23 اضلاع میں پولیو وائرس موجود ہے جبکہ گزشتہ سال یہ وائرس 82 اضلاع میں پایا گیا تھا۔
ملک بھر میں زگشتہ سال کے دوران پولیو کے 31 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال اب تک سندھ کے ضلع سجاول سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے قریب ہے، تاہم یہ مرحلہ سب سے زیادہ اہم بھی ہے۔ پولیو ایک ایسی بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری کا باعث بنتی ہے اور اس کا کوئی علاج نہیں، مگر اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن ہی پولیو کے خاتمے کا سب سے محفوظ اور موثر طریقہ ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ویکسی نیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں۔