اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جمعرات(کل) کو متعدد شہروں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ جمعرات 28 مئی کوسکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجو داڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز، میرپور خاص، جامشورو، سانگھڑ، سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، لکی مروت، وزیرستان ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جوہرآباد، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 04 سے06 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ کے ساتھ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، سندھ اور مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہنے کا امکان تاہم شام/رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ ٔپوٹھوہار میں تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔
بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت 49، دادو، تربت، سکرنڈ، شہید بینظیر آباد، موہنجوداڑو، بہاولنگر اور بھکر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔