ملک بھر میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، وفاقی وزیرِ صحت

ملک بھر میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، وفاقی وزیرِ صحت

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر ملک بھر میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، کراچی میں گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی مشترکہ کارروائیوں میں جعلی ادویات کے نیٹ ورکس، غیر قانونی فیکٹریوں اور غیر رجسٹرڈ انجیکشن تیار کرنے والے مراکز کو بے نقاب کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیر قانونی ادویات، خام مال اور مشینری ضبط کر لی۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈریپ کراچی نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر فروری تا مئی 2026 کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں 10 بڑی مشترکہ چھاپہ مار کارروائیاں کیں،جن میں غیر قانونی ادویات کی تیاری میں ملوث نیٹ ورکس، جعلی ادویات کے کارخانے پر چھاپے مارے گئے ، ٹیموں نے بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ ادویات، ٹراماڈول جیسے کنٹرولڈ ڈرگز کا خام مال کو قبضے میں لیا جبکہ مشینری، پیکنگ میٹریل اور جعلی برانڈز ضبط کیے جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ جاری بیان میں وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہے ،جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

 

 

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ،متعدد مقامات پر چھاپوں کے دوران جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کر کے ضبط کی جا چکی ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، کسی کو بھی انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، معیاری اور محفوظ ادویات کی بلا تعطل فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔