ملکی استحکام کیلئے سیاسی ہم آہنگی ناگزیر.فیصل کریم کنڈی اور یوسف رضا گیلانی کا اتفاق

ملکی استحکام کیلئے سیاسی ہم آہنگی ناگزیر.فیصل کریم کنڈی اور یوسف رضا گیلانی کا اتفاق

ملتان۔ 17 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گیلانی ہاؤس ملتان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ندیم افضل چن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی ہم آہنگی، جمہوری تسلسل اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت اور سیاسی قیادت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے،جبکہ قومی ترقی کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام کے استحکام کی ضامن ہے اور تمام اداروں کو آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہ باہمی مشاورت اور مثبت مکالمہ ہی قومی مسائل کا دیرپا حل فراہم کر سکتا ہے۔ملاقات میں امن و امان، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر مکمل اتفاق کیا گیا۔