معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، رانا ثناء اللہ

معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معاشی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔جمعرات کے روز نجی ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے انتہائی ضروری ہے۔پانی سے متعلق امور پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بھارت پر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ بھارت ڈیم تعمیر کر رہا ہے، جس سے مستقبل میں پاکستان کی جانب آنے والے پانی کے بہاؤ پر اثر پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتے ہوئے قومی چیلنجز سے نمٹنے اور مستقبل میں آبی تحفظ یقینی بنانے کے لیے پاکستان میں آبی ذخائر کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ اور آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے اتحادی جماعتوں کی حمایت ناگزیر ہوگی۔ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ پہلے ہی مشاورت کی جا چکی ہے۔امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔