اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):سی پیک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر اور بحریہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونا قومی اتحاد، استقامت اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کے عزمِ نو کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام ہو چکی ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ حالیہ قومی یکجہتی نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر مشکل گھڑی میں ثابت کیا ہے کہ وہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی تمام کوششیں عوامی اتحاد، قومی شعور اور مضبوط عزم کے باعث ناکام ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور جرات کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں، جبکہ پوری قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے۔ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی، سماجی اور قومی قوتیں ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر مزید آگے بڑھ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اتحاد ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے اور یہی جذبہ ملک کو ہر چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج اور ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔