لاہور۔10مئی (اے پی پی):اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی سے پاکستان عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھرا ،ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے ،دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں معرکہ حق کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ فتح مبین پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس دن ملکی آزادی وقومی غیرت حمیت کا تحفظ کیا گیا اور ملک عالمی سطح پر نمایاں حیثیت کے ساتھ ابھرا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جبکہ بھارت نے کبھی جھوٹے پہلگام واقعے ، انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی اور کبھی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے علاقائی امن کو خطرے میں ڈالا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ سے جنگ بڑھی تو پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن پھر تاریخی جواب دیا، رافیل گرنے شروع ہوئے تو دنیا کے میڈیا نے ان کے جہازوں کے ملبے دکھائے، دنیا کے سب سے بہترین تحقیقاتی اداروں نے تفصیل بتائی کہ بھارتی آٹھ جہاز گرائے گئے۔انہوں نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے ، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کبھی بھارتی انتخابات ہوتے ہیں تو جھوٹ پر مبنی فالس فلیگ کرتے ہیں، بھارت کا غرور خاک میں ملانے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بھارت سے جنگ کا فیصلہ اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شاندار سفارت کاری سے موقف کی تائید حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ دشمن اپنے الزامات کے حق میں شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی قیادت اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہے،جو ملکی استحکام کی بنیاد ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ قومی وحدت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ملکی مضبوطی کی بنیاد ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ملکی سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو معرکہ حق کے سلسلہ میں پنجاب اسمبلی کا اہم سیشن ہوگا، جس میں قرارداد بھی پاس کریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایکس سروس مین سوسائٹی کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے جو ملک پر مر مٹنے کا جذبہ رکھتی ہے، پاکستان میں جب کبھی بھی دشمن گھسا تو ایسے دانت کھٹے کیے کہ وہ بھاگنے پر مجبور ہوا۔انہوں نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا کہ ایف اے ٹی ایف میں ڈال کر پاکستان کو روند ڈالیں گے، لیکن اس کا خواب پورا نہ ہو سکا، یہ ملک تاقیامت قائم رہنے کے لیے معرض وجود میں آیا ہے ، کوئی اس کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا ہے۔
ایئر مارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان نے کہا کہ بھارت کے خلاف فیصلہ کن بنیان مرصوص آپریشن کرکے اسے کہیں کا نہیں چھوڑا، جنگ کے دوران قوم اور پاک فوج نے متحد ہو کر بھارت کو شکست سے دو چار کیا، معرکہ حق نے 65 کی جنگ کی یاد تازہ کر دی۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہم سے دفاعی صلاحیت میں پانچ سال پیچھے ہے، نیشنل ایئر سپیس سے ہماری صلاحیت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور نوے فیصد اسلحہ و ٹیکنالوجی پاکستان میں تیار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان ایئر فورس نے مرکزی کردار ادا کیا، ماضی میں مودی چھاتی پھیلا کر کہتے رہے کہ رافیل آ جائے تو پاکستان پر حملہ کر دیں گے، پھر دنیا نے دیکھا کہ پاک فوج کے شاہینوں نے بھارتی حملہ کا بھرپور جواب دے کر اس کے 8 جہاز تباہ کردیئے۔عاصم سلیمان نے مزید کہا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں ،بھارتی نوے فیصد ایئر ڈرونز گرا دیئے تو بھارت نے براہموس میزائلوں سے حملہ کر دیا جس کے جواب میں پاکستان نے منہ توڑ جواب کا فیصلہ کیا۔
ریئر ایڈمرل (ر) نوید احمد رضوی نے کہا کہ پاک نیوی ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ، معرکہ حق کے دوران پاکستان کے تحفظ کے ساتھ نیوی نے تجارتی و معاشی گزرگاہ کو کھلے رکھا، بھارت کی جرات نہیں ہوئی کہ وہ سمندر کے میدان میں بھی پاکستان پر حملہ کرے۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے فیک نیوز پھیلائی اور لاہور کی پورٹ پر قبضہ کر لیا جو دنیا کے سامنے ایک مذاق بنا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسی وار کے خلاف پوری قوم متحد ہے ،پاک آرمی نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی ۔چیئرمین پاکستان سنسر بورڈ اداکار توقیر ناصر نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت4 گھنٹوں میں گھٹنوں پر آ گیا اور جنگ بندی کیلئے منتیں کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کو پاکستان کی عسکری، سفارتی و قومی کامیابی قرار دیا اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔سیمینار میں ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ، عزیز احمد اعوان چیف آرگنائزر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی، تقدس مآب بشپ ندیم کامران بشپ آف لاہور، بریگیڈیئر (ر) نادر میر، بریگیڈیئر (ر) جاوید احمد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سلیم اشرف، کموڈور (ر) ارشد ایم خان، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر نیر فردوس، بھگت لال کھوکر، ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان ، ڈاکٹر ثانیہ ملک (ایم بی اے ڈیپارٹمنٹ، پنجاب یونیورسٹی) سمیت طلبہ ، سیاسی و سماجی شخصیات،سابق فوجی افسران، دفاعی ماہرین اور سول سوسائٹی نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔