راولپنڈی۔11مئی (اے پی پی):قید کشمیری حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی حق اور سچ کی فتح ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کی ہر سازش کا موثر اور بھرپور جواب دیا ، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکہ حق کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشعال ملک نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ دنیا پر یہ بھی واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر چیلنج کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں کی جدوجہد اور آزادی کشمیر کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے تاہم پاکستان اور اس کی افواج نے ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک آج بھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی علامت ہیں اور دنیا اب کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز سن رہی ہے۔
انہوں نے معرکہ حق میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر مشعال ملک نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلعی امن کمیٹی مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، ایس ایچ او تھانہ نیو ٹائون عاطف ستار، صدر پاسبان وطن ڈاکٹر شہزاد دلاور خان، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان اور دیگر کاروباری افراد موجود تھے۔ تقریب کے دوران شرکاء نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’افواج پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔