مانسہرہ۔ 28 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں مثالی کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوا اور دنیا پاک فوج کی صلاحیتوں کی معترف ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی سرن کے دورے میں لنک روڈ اور جبوڑی میں قائم نادرا آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے مسلم لیگ ن ہزارہ ڈویژن کے صدر اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار شاہجہان یوسف نے بھی خطاب کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور بہترین سفارتکاری کی بدولت دنیا تیسری عالمی جنگ سے محفوظ رہی اور امریکاایران ثالثی میں کردار کے باعث عالمی سطح پر ملک کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا جس سے پاکستان کے مخالفین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔
انھوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کےلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وعدے کے مطابق مانسہرہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کےلئے فنڈز ریلیز کر دیے ہیں جن کے ٹینڈرز بھی جاری ہو چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کے صدر اور پارلیمانی لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی سردار شاہجہان یوسف نے کہا کہ جبوڑی میں نادرا آفس کے قیام سے مقامی لوگوں کو دہلیز پر سہولیات مل گئیں ہیں اور مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی بھی جاری ہے۔ تقریب سے ممبر صوبائی اسمبلی سونیا شاہ، مسلم لیگی رہنما سید ریاض حسین شاہ اور دیگر عوامی نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔