اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں سے ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی مساجد میں ’’معرکہ حق‘‘ کی تاریخی فتح، شہداء کے ایصال ثواب اور سلامتی کے لیے قرآن خوانی اور دعائوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
علماء کرام نے شہداء کے درجات کی سربلندی کے لیے بھی خصوص دعا ئیں کی۔اس موقع پر علماء کرام نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی۔معرکہ حق میں کامیابی ہماری قومی یکجہتی، غیر متزلزل عزم اور افواج پاکستان کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا روشن مظہر ہے،ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی جرات اور قوم کے پختہ حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی بدولت حق اور وطن کا پرچم سربلند رہا ۔
علماء کرام نے کہا کہ یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے عزم، اتحاد اور حب الوطنی کی ایک درخشاں مثال بن کر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔