معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ،وفاقی وزیر ریلوے

معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ،وفاقی وزیر ریلوے

راولپنڈی۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ کی تاریخی کامیابی نے دنیا کو حیران کر دیا۔ اتوار کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، پاک افواج اور شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء اور مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ اس موقع پر گرین لائن ٹرین کا افتتاح بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی عسکری تاریخ کا یادگار دن ہے جب بہادر شاہینوں نے دشمن کو دن میں تارے دکھا دیئے، افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر ثابت کیا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے طویل فضائی معرکے میں غیر معمولی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ حنیف عباسی نے معرکہ حق میں فیلڈ مارشل اور ایئر چیف مارشل کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمت عملی نے قوم کو تاریخی کامیابی دلائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی میدان میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی برادری اس کی ثالثی کی صلاحیت کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے ایران کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کو مضبوط اور ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے قائد میاں نواز شریف نے شدید عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور آج ملک ایک مضبوط ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے کے بجائے خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔تقریب میں شہریوں، ریلوے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔