اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):سابق عالمی سکواش چیمپئن اور پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر قمر زمان نے کہا ہے کہ معرکہ حق صرف جنگی میدان میں کامیابی نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے اتحاد اور اعتماد کی فتح ہے، پاکستان نے اس مرحلے پر جس تحمل ، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا اس نے نہ صرف دشمن کو حیران کیا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو بھی نئی بلندی عطا کی۔
انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو انٹرویو میں اس تاریخی موقع پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف جنگی میدان کی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد اور اعتماد کی فتح ہے۔
قمر زمان نے کہا کہ پاکستان نے اس مرحلے پر جس نظم، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا اس نے نہ صرف دشمن کو حیران کیا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو بھی نئی بلندی عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جدید جنگی حکمت عملی، فوری ردعمل اور غیر معمولی مہارت کا ایسا عملی مظاہرہ کیا جس نے پوری قوم کو فخر کا احساس دلایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پہلی بار اتنے قریب سے یہ محسوس کیا کہ جدید دفاعی حکمت عملی کس طرح چند لمحوں میں جنگ کا نقشہ بدل سکتی ہے۔ خصوصاً پاک فضائیہ کی کارکردگی نے عوام کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پائلٹس اور عسکری کمانڈرز نے جس برق رفتاری سے فیصلے کیے اور نتائج حاصل کیےوہ کسی خواب سے کم محسوس نہیں ہوتے تھے۔
قمر زمان کا کہنا تھا کہ ’’معرکہ حق‘‘ کا سب سے بڑا پہلو یہ تھا کہ اس موقع پر پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی نظر آئی،سیاسی اختلافات، سماجی تقسیم اور دیگر معاملات پس منظر میں چلے گئے اور پاکستان ایک متحد قوم کے طور پر دنیا کے سامنے آیا، یہی اتحاد دراصل پاکستان کی اصل قوت ہے کیونکہ ملک کا دفاع صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ جھوٹے پراپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرتا رہا ہےتاہم موجودہ صورتحال میں عالمی برادری پاکستان کے موقف اور ذمہ دارانہ کردار کو زیادہ سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے۔قمر زمان نے اس موقع پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے صرف دفاعی میدان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سفارت کاری میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کی ثالثی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کھیلوں اور عسکری میدان کے درمیان مماثلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا پرچم بلند کرتے ہیں، اسی طرح افواجِ پاکستان نے بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو ’’معرکہ حق‘‘ کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات قوم کے جذبے، اتحاد اور حب الوطنی کی نئی مثال بنیں گی۔قمر زمان نے کہا کہ پاکستانی قوم ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور یہی طاقت پاکستان کو ناقابل تسخیر بناتی ہے