اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):معرکہ حق اور ٹوِن سٹی ننجا چیمپئن شپ کا انعقاد اتوار کے روز کیا گیا جہاں کھلاڑیوں، منتظمین اور مہمانوں نے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور کشمیر کاز سے اظہارِ یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب میں مشعال حسین ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ سابین حسین ملک اور رضیہ سلطان پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔مہمانوں نے ننجا مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور مختلف کیٹیگریز میں نوجوان ایتھلیٹس کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نےنوجوانوں کے کھیلوں سے وابستگی اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے عزم و حوصلے کو پاک فوج اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے شہداء و قربانیوں سے جوڑتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نےکشمیر کاز کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نوجوان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔تقریب کے دوران پاکستان اور کشمیر کے شہداء کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء اور منتظمین نے پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائےجبکہ بعض نوجوانوں نے قید کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کی تصاویر اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ایونٹ کے منتظم عرفان بھٹی نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاک فوج اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط پیدا کرنا ہے۔سابین حسین ملک اور رضیہ سلطان نے بھی انعامات تقسیم کیے اور مقابلے میں شریک نوجوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں تاکہ معاشرے اور ملک کی بہتری میں کردار ادا کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء اور منتظمین نے “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے اور مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کیا۔مشعال حسین ملک نے منتظمین کو اس بات پر سراہا کہ انہوں نے کھیلوں، قومی شعور اور نوجوانوں کی شمولیت کو یکجا کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔