اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):معروف ادیب ،ناول نگار اورماہرقانون مظہر کلیم کی برسی منگل 26 مئی کو منائی گئی ۔ مظہر کلیم 22 جولائی 1942 کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام مظہر نواز خان تھا تاہم وہ ادبی دنیا میں مظہر کلیم ایم اے کے نام سے معروف ہوئے۔
ممتاز جاسوسی ناول نگار ابن صفی کے انتقال کے بعد مظہر کلیم نے ان کے تخلیق کردہ لازوال کردار علی عمران کے نام سے مشہور ہونے والی عمران سیریز کو آگے بڑھایا اور اسے ایک نئی جہت دی۔مظہر کلیم کی عمران سیریز پر مبنی ناولوں کی کہانیاں ابن صفی کی کہانیوں سے مختلف تھیں اور انہوں نے بچوں کے لیے لکھے گئے ناولوں میں بھی بعض نئے کردار اور نام متعارف کرائے جو اپنے منفرد ناموں کی وجہ سے مقبول ہوئے۔ چھن چھنگلو، انگلو بانگلو، چلوسک ملوسک، ان کے ایسے کردار تھے جنہوں نے بچوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔مظہر کلیم نے سینکٹروں ناول تحریر کئے اور ریڈیوپاکستان ملتان کے معروف تفریحی و اصلاحی پروگرام جمہوردی آواز کے بھی میزبان رہے۔ ادیب اور ناول نگار ہونے کے ساتھ مظہر کلیم ایک ماہرقانون بھی تھے اور وکلا سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔مظہر کلیم 26 مئی 2018 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور وکلا برادری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔