مسلح افواج اور قیادت کی سفارتی کامیابی کا اعزاز ’’معرکہ حق‘‘ عالمی سطح پر نمایاں

مسلح افواج اور قیادت کی سفارتی کامیابی کا اعزاز ’’معرکہ حق‘‘ عالمی سطح پر نمایاں

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں منعقدہ تقریبات سے لے کر بیرون ملک اجتماعات تک معرکہ حق کا جذبہ 10 مئی 2026اتوار کو نمایاں رہا ،لاکھوں افراد فتح کا جشن مناتے نظر آئے۔

اس موقع پر 8 مئی 2025 کو قوم پر مسلط کی گئی جنگ میں پاکستان کا دفاع کرنے والوں کے غیر متزلزل حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

دنیا بھر سمیت پاکستان کے کونے کونے اور بیرون ملک سے لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس تاریخی جشن میں شامل ہو کر مسلح افواج اور قیادت کے لیے گہرے احترام اور تشکر کا اظہار کر رہے ہیں۔

فخر کے پیغامات، حب الوطنی کے گیت، براہ راست نشریات اور خصوصی پروگرامز سے جشن کا سماں ہے کیونکہ عوام معرکہ حق کو اتحاد، غیرت اور قومی جذبہ کے تہوار کے طور پر منا رہے ہیں۔

عوامی، نجی اور بین الاقوامی چینلز کے تجزیہ کاروں نے عوام کے اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی فخر کو اجاگر کرتے ہوئےمعرکہ حق کے قومی جذبہ کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا اور اس کی تعریف بھی کی ۔بہت سے مبصرین نے کہا کہ میڈیا پلیٹ فارمز پر زبردست ردعمل مسلح افواج اور قیادت کے لیے احترام کے گہرے احساس کے ساتھ ساتھ تقریبات، خراج تحسین اور عوامی شمولیت کے ذریعے قومی ہم آہنگی ایک نادر لمحہ کی عکاسی ہے۔سیاست دانوں، مشہور شخصیات اور یہاں تک کہ اخبار فروشوں نے بھی مسلح افواج کے جذبہ اور حوصلہ کو سراہتے ہوئے معرکہ حق کو ایک تاریخی ، قومی ایونٹ قرار دیا۔

ملک بھر میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد اس دن کی اہمیت کو تسلیم کر تے ہیں اور اسے تاریخ میں تحریر لچک، اتحاد اور فخر کے ایک طاقتور باب کے طور پر بیان کر تے ہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ نوجوانوں نے بھی اس دن کو کامیابی کے ایک لمحے کے طور پر سراہا ہے اور قومی تشخص کی تجدید کی ہے جس نے پاکستان کی شناخت، اعتماد اور عالمی شناخت کے مضبوط احساس کو اجاگر کیا ہے۔

بہت سے افراد نے معرکہ حق کو ایک روحانی احیاء کے طور پر بیان کیا جو ملک کی لچک اور اتحاد کا قابل فخر لمحہ ہے۔

سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور نوجوانوں نے مسلح افواج کی وردیاں زیب تن کر کے معرکہ حق کے قومی جذبہ کو دلی خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر ایسی ویڈیوز، پوسٹس اور تخلیقی مواد کا اشتراک کیا گیا جو فخر، قربانی اور اتحاد کو اجاگر کرتا ہے۔تمام پلیٹ فارمز پر ڈیجیٹل مہمات اور میمز بھی بڑے پیمانے پر نظر آئیں جو تاریخی واقعات ، قومی جذبات اور عوامی دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں۔

دوسری جانب سکولوں اور مختلف تنظیموں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی اس دن کو باقاعدہ تہوار کے طور پر منایا۔ اس حوالہ سے منعقدہ تقریبات میں کیک کاٹنے کے ساتھ ساتھ آتش بازی کے مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں بھی نکالی گئیں۔زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے معرکہ حق کی تقریبات میں قومی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی جو حب الوطنی کے جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔