چوھدری کاشف حسین کی قیادت میں حج آپریشن کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا، ترحیل و تفویج ٹیم کی خدمات کو سراہا گیا
مدینہ منورہ — نمائندہ نوائے وقت جاوید اقبال بٹ مدینہ منورہ میں پری حج فضائی اور زمینی آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا، جہاں کوارڈینیٹر حج آپریشن مدینہ منورہ چوھدری کاشف حسین کی نگرانی میں مربوط اور مؤثر ٹیم ورک کے ذریعے تمام انتظامات احسن انداز میں انجام دیے گئے۔ حج آپریشن کی کامیاب تکمیل پر مختلف حلقوں کی جانب سے چوھدری کاشف حسین اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔ ترحیل و تفویج (آمدورفت) کے شفٹ انچارج عبدالوزیز نے بتایا کہ 46 ہزار 500 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ میں قیام کے بعد کامیابی کے ساتھ مکہ المکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ آمد سے لے کر مکہ مکرمہ روانگی تک عازمین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی، جس کے باعث آپریشن خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شعبہ کی ذمہ داریوں میں عازمین حج کو مدینہ منورہ ائیرپورٹ سے استقبال کے بعد ہوٹلوں تک منتقلی، رہائش کے انتظامات، مکہ المکرمہ روانگی، نسک کارڈز اور سم کارڈز کی تقسیم سمیت دیگر ضروری امور شامل تھے، جنہیں منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔ عبدالوزیز کے مطابق اس شعبہ میں خدمات انجام دینے والی ٹیم میں حمزہ محمد، محمد سجاد، مزمل حسین جام، افضال اشرف، طلال اعوان، طارق نعیم شامل ہیں، جنہوں نے شب و روز محنت کے ذریعے عازمین حج کی خدمت کو یقینی بنایا۔ ذرائع کے مطابق چوھدری کاشف حسین کی قیادت اور ٹیم کی مربوط حکمت عملی کے باعث مدینہ منورہ میں پری حج فضائی و زمینی آپریشن کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا، جسے حج انتظامات کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔