محکمہ موسمیات کی 16 سے 19 اپریل تک بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی 16 سے 19 اپریل تک بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نےملک میں 16 سے 19 اپریل کے دوران بارش،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جو 19 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔خیبر پختونخواچترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ،مہمند،صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، خیبر اور ہنگو میں 16 اپریل کی شام سے 19 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 16 سے 19 اپریل کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی،سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 17 سے 19 اپریل تک بارش اور ژالہ باری جبکہ 18 اور 19 اپریل کو کہیں کہیں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔بلوچستان میں کوئٹہ،زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، ژوب اور برخان میں 17 اور 18 اپریل کو بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔پنجاب و اسلام آباد میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک،چکوال،جہلم،سرگودھا،میانوالی، فیصل آباد،جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور نارووال میں 16 سے 18 اپریل کے دوران بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان اورخانیوال میں آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔

سندھ میں بالائی سندھ میں 16 سے 18 اپریل کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیربالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔فصلوں کو نقصان کا خدشہ، کاشتکار احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں،شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات نےمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔