محفوظ اور مضبوط معاشروں کی تشکیل میں مائوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب

محفوظ اور مضبوط معاشروں کی تشکیل میں مائوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب

لاہور۔10مئی (اے پی پی):مائوں کے عالمی دن کے موقع پر ٹریفک پولیس پنجاب نے شہدا کی عظیم مائوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا فخر قرار دیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوتوں کی مائوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،جن کی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان محفوظ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی مائیں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مائوں کی تربیت ہی ایک ذمہ دار اور باشعور معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے،کیونکہ ماں بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔محمد وقاص نذیر نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد،نظم و ضبط اور شہری ذمہ داریوں کا شعور دیں تاکہ ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ محفوظ اور مضبوط معاشروں کی تشکیل میں مائوں کا کردار انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ماں سے اظہارِ محبت کے عالمی دن پر ٹریفک پولیس پنجاب نے تمام مائوں کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کیا۔