ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز

ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور۔10مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سراپا شفقت و عنایت ماں کی عظمت کو سلام پیش کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے ماں کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاکہ مدر ڈے بیٹوں کو محاذ جنگ پر بھیجنے والی پرعزم اور حوصلہ مند ماں کے نام ہے،ہر شہید اور ہر غازی کی عظیم ماں کو سلام ہے،بچوں کے لئے محنت مزدوری کرنے والی ہر ماں کو سلام ہے،خود بھوکا رہ کر بچوں کو کھلانے والی ہر بے لوث ماں کی عظمت کو سلام ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند، باعث راحت وسکون ہے،اللہ تعالی نے اپنی محبت کو ماں کی محبت سے تشبیہ دے کر رتبہ بلند کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماں سچے جذبے اور رشتے کا نام ہے، مائیں خاندان کا سنگ بنیاد اور معاشرت کا ستون ہیں، مدر ڈے ماں کی غیر معمولی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے،مدر ڈے پر اور ہر روز اپنی عظیم ماں کی کمی محسوس کرتی ہوں ،والدہ محترمہ کلثوم نواز کی محبت و شفقت کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ والدہ محترمہ کی دعائوں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں ،ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں،ہرماں کی صحت اور تندرستی کے لئے دعا گو ہوں۔