اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے مختلف مقامات پر لگنے والی آگ پر رات گئے کامیابی سے قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کے عمل کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سی ڈی اے کے مطابق گولڑہ رینج اور بہارہ کہو رینج میں آگ بجھانے کے لیے انوائرمنٹ ونگ کے 120 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا اور مسلسل کئی گھنٹوں تک فائر فائٹنگ آپریشن جاری رکھا۔
متعلقہ انوائرمنٹ افسران، عملہ اور اسسٹنٹ کمشنرز موقع پر موجود رہے اور آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ راولپنڈی فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے تمیر کے جنگلات میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے بھی سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ کے 25 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جہاں 80 فیصد سے زائد علاقے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق صبح گولڑہ رینج کے علاقے لوندھا درا میں لگنے والی آگ کو بھی مکمل طور پر کنٹرول کرلیا گیا۔ اس آپریشن میں انوائرمنٹ ونگ کے 48 اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے حصہ لیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر انوائرمنٹ ونگ اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود رہے اور آپریشن کی خود نگرانی کی۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فائر سیزن کے دوران مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں جلتے ہوئے سگریٹ کے ٹکڑے، کوڑا کرکٹ اور شیشے کی بوتلیں پھینکنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ نے جنگلاتی علاقوں میں بار بی کیو اور بون فائر سے اجتناب کی بھی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے تحفظ کے لیے شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آگ لگنے کے واقعات کی باقاعدہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔