پشاور۔ 22 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے سنگین اور فوری توجہ طلب چیلنج بن چکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاورکے مطابق فیصل کریم کنڈی نے ان خیالات کا اظہار زمین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال اس دن کا عنوان ’’ ہماری طاقت،ہمارا سیارہ‘‘ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ زمین کے تحفظ کے لیے ہر فرد، معاشرے اور ادارے کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جس کے باعث سالانہ جی ڈی پی کا تقریباً 6 سے 9 فیصد تک نقصان برداشت کر رہا ہے۔
انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر اور 1700 سے زائد اموات ہوئیں جبکہ 2025 میں بھی قدرتی آفات کے نتیجے میں 800 افراد جاں بحق اور 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ درجہ حرارت میں خطرناک اضافہ، گلیشئرز کا تیزی سے پگھلاؤ اور بڑے شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا 300 سے تجاوز کر جانا انتہائی تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ ملک میں جنگلات کا رقبہ کم ہو کر صرف 5 فیصد رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیئے سینیٹر شیری رحمان عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ وژن کے تحت کام کررہی ہیں ۔انہوں نے انسانی سرگرمیوں، پلاسٹک کے بے دریغ استعمال اور جنگلات کی کٹائی کو ماحولیاتی بگاڑ کی بڑی وجوہات قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی فی کس دستیابی کم ہو کر 1000 مکعب میٹر تک پہنچ چکی ہے جو خطرناک حد ہےاور پاکستان پانی کی شدید قلت والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔گورنر نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں پیش رفت حوصلہ افزا ہے جہاں اس کا حصہ 53 فیصد تک پہنچ چکا ہےجبکہ 2030 تک 60 فیصد قابل تجدید توانائی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2026 کے آخر تک 12 گیگاواٹ آف گرڈ اور 6 گیگاواٹ نیٹ میٹرڈ سولر صلاحیت حاصل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحول دوست پالیسیوں کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور زمین کا تحفظ دراصل انسانیت کے مستقبل کا تحفظ ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اس عزم کا اعادہ کریں کہ’’ ہماری طاقت،ہمارا سیارہ‘‘ کے پیغام کے تحت ہم سب مل کر اپنی زمین کو محفوظ، سرسبز اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر بنائیں گے۔