لاہور۔28اپریل (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو نارتھ سرکل میں سرویلنس آپریشن کیا گیا۔ ایس ای نارتھ سرکل محمد مزمل کی زیر نگرانی ایکسین فیروزوالہ کے ہمراہ علی پارک سب ڈویژن کے علاقہ لیبر کالونی رانا ٹاون میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان لیسکو کے مطابق آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 174 میٹرز کو چیک کیا گیا،
جن میں سے 15 صارفین ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ 4 میٹرز اوپن، 3 مشکوک اور 47 میٹرز کی اسٹرپس بند پائی گئیں۔ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 4 میٹرز کو موقع سے اتار لیا گیا مزید برآں، لیسکو ٹیموں نے بجلی چوری کی مد میں تقریبا 33,000 یونٹس ڈٹیکٹ کیے، جن کی مالیت 16لاکھ سے زائد بنتی ہے، تمام ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ ایسے آپریشنز کو مزید مثر بنایا جائے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔