لاہور۔21مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے عارضی رجسٹرار کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو مستقل رجسٹرار کی تعیناتی کا حکم دے دیا ۔جسٹس خالد اسحاق نے چوہدری ساجد محمود کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔ درخواست گزار نے موجودہ عارضی رجسٹرار کی تعیناتی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا، فیصلے میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مستقل رجسٹرار کی تعیناتی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جبکہ موجودہ رجسٹرار کو صرف 3 ماہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ عدالت نے مستقل رجسٹرار کی جلد تعیناتی کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔